وزیراعظم کا اپنا گھر پروگرام کے تحت 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے قرض دینے کا ہدف مقرر

بینک ہاؤسنگ قرضوں کی درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کریں، مستحق خاندانوں کو گھروں کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں، سیاسی مداخلت کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، شہباز شریف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے تحت آئندہ 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاؤسنگ قرضوں کی درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اسلام آباد میں اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، اس لیے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ضروری ہے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔
2 لاکھ گھروں کی تعمیر مثبت پیش رفت ہے، وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ اب تک 2 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم ملک بھر میں اب بھی بڑی تعداد میں خاندان رہائش، روزگار اور معیاری تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف چند خاندانوں کو گھر فراہم کرنا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں کو اپنی چھت کا مالک بنانا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور ضرورت پڑنے پر لاکھوں گھر تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ماضی کی رہائشی اسکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پالیسی اس وقت تک کامیاب قرار نہیں دی جاسکتی جب تک اس کے ثمرات صرف مالی طور پر مستحکم طبقے تک محدود رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو سب سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے کیونکہ وہ اپنی آمدنی سے گھر تعمیر کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
قرضوں کی تقسیم میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں ہوگی
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی درخواستوں کا میرٹ پر جائزہ لیا جائے اور منظوری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بینک ہاؤسنگ قرضوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کریں تاکہ گھروں کے منتظر خاندانوں کو بروقت مالی معاونت فراہم کی جاسکے۔
100 ارب روپے سے زائد قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے ہیں اور حکومت کی توجہ عوام کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ 6 ماہ کے دوران ایک ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس اقدام سے ایسے خاندانوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے اور ذاتی رہائش کا خواب پورا کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے جو طویل عرصے سے اس موقع کے منتظر ہیں۔

WhatsApp
Get Alert