وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، تعلیم کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، میر ضیاء اللہ لانگو

قلات خالق آباد میں 250 واٹر اسکیمیں قائم، عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 35 ایمبولینسز فراہم کیں، صوبائی وزیر داخلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان پڑھے لکھے ہونے کے باعث تعلیم کے فروغ کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، ان کی قیادت میں صوبے کے تعلیمی شعبے میں متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بچوں کو اسکالرشپس کے ذریعے پاکستان سمیت بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اپنے حلقے قلات خالق آباد میں ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تو ان کے دو بنیادی اہداف تھے، جن میں علاقے سے پانی کی قلت کا خاتمہ اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی شامل تھے ان کے علاقے میں پانی کی شدید قلت تھی اور خواتین کو دور دراز مقامات سے جانوروں کے ذریعے پانی لانا پڑتا تھا انہوں نے بتایا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے اپنے حلقے میں 250 واٹر اسکیمیں قائم کیں تاکہ ماؤں اور بہنوں کو پانی کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں تک جانے کی مشقت سے نجات دلائی جا سکے۔ اسی طرح عوام کو بروقت طبی سہولیات اور ہنگامی حالات میں آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حلقے میں 35 ایمبولینسز بھی فراہم کی گئی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert