میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، کارکنوں کو جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

ہم عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، امیر جے یو آئی کا وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب


لاہور(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، ہمارے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں، ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے، ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے مجھے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے، ہم ملک میں امن کے داعی ہیں، قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔
امیر جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں، ان شاء اللہ اُن کی سازشیں بے نقاب ہوں گی، جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے، جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ہے، وطن سے وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔
انکا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بہت بڑی کانفرنس کرنے جا رہی ہے، پورے سرگودھا ڈویژن میں ہمارے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، مقامی قائدین کاروبار بند اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں، بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جا رہا ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم نے سرگودھا کانفرنس ہر صورت کرنی ہے، عوام اس اجتماع کو کامیاب بنائیں، اپنی حریت اور آزادی کا مظاہرہ کریں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، پاکستان اور اس ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے، ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے، ہمارے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اُس وقت آئی جب ہم نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کا کردار بے نقاب کیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں، ہم عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، ہم صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں، لیکن استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert