ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ روکنا ہوگا، محسن نقوی

سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانا خطرناک ہے، ڈیجیٹل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا اور اب ہمیں انفورسمنٹ کی پالیسی کی طرف جانا ہوگا؛ وفاقی وزیر داخلہ کا تقریب سے خطاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر اور بچوں کے استحصال سمیت سوشل میڈیا کے حوالے سے ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے اور محفوظ ماحول کیلئے سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی گئی ہے، سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانا خطرناک ہے جس سے عوام میں انتشار پیدا ہوتا ہے، لہٰذا ڈیجیٹل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا اور ہمیں انفورسمنٹ کی پالیسی کی طرف جانا ہوگا۔
اس حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی، نفرت انگیزی اور بچوں کا استحصال سوشل میڈیا پر ناقابلِ قبول ہیں، دہشت گردی و نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، دہشت گرد تنظیمیں آج بھی انہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھرتیاں کر رہی ہیں، فنڈز جمع کر رہی ہیں اور خوف و ہراس پھیلا رہی ہیں، جب کہ بی ایل اے ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم ہے اور اس کے باوجود اس کے متعدد عہدیدار ان پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ یعنی سی ٹی ڈی کی صرف 47 فیصد درخواستوں پر کارروائی ہوتی ہے، ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے کے لیے محدود وسائل کے باوجود کام جاری ہے، غلط معلومات اور ڈیپ فیکس سے نمٹنا ضروری ہے، فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اور سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ روکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اب ہمیں انفورسمنٹ کی پالیسی کی طرف جانا ہوگا، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور بڑے کانٹینٹ بنانے والوں کو اتھارٹی میں رجسٹرڈ کرانا ہوگا، رجسٹریشن کا مطلب اس چیز کا لائسنس نہیں ہوگا کہ کسی کو بھی خاموش کرا دیں بلکہ رجسٹریشن کا فائدہ یہ ہوگا کہ اگر کوئی غلطی ہو تو یہ معلوم ہو سکے کہ کس کا احتساب ہوگا۔
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مقامی قوانین کا احترام کرنا ہوگا، شکایات پر بروقت جواب دینا ان کی ذمہ داری ہے، سوشل میڈیا کمپنیوں کو مقامی نمائندے اور مؤثر شکایتی نظام قائم کرنا ہوگا، بچوں کو آن لائن خطرات سے بچانا ہوگا اور ڈیجیٹل ماحول کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے، جس کے لیے غلط معلومات کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
خطاب کے دوران اپنا ایک تجربہ بیان کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک کھلی کچہری میں پانچ لڑکیوں نے انہیں اپنی روداد سنائی، جن میں سے تین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کا نجی مواد پھیلانے کی دھمکی کے باعث وہ خودکشی کے بارے میں سوچ رہی تھیں، اس قسم کے تمام معاملات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بروقت کارروائی کریں۔

WhatsApp
Get Alert