پاک چین اشتراک سے گوادر میں انجینئرنگ و ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ کے قیام کا منصوبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک سے گوادر میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا منصوبہ تیار ہے۔
منصوبے کے مطابق پاکستان اور چین گوادر میں انجینئرنگ و ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔ اس منصوبے کے تحت انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 4 پاکستانی اور چینی تعلیمی اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
مجوزہ انسٹی ٹیوٹ میں گوادر کے نوجوانوں کو بندرگاہ، جہاز رانی اور بحری صنعتوں سے متعلق جدید فنی تربیت دی جائے گی۔ 2026 سے 2030 تک 5 سالہ تعاون کے تحت نصاب سازی، مشترکہ تحقیق، اساتذہ کی تربیت اور عملی تعلیم پر کام ہوگا۔
انسٹی ٹیوٹ میں نیویگیشن ٹیکنالوجی، میرین انجینئرنگ، بحری تحفظ اور پورٹ مشینری کے خصوصی کورسز متعارف کرائے جائیں گے۔ اس منصوبے سے گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور مقامی ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
