نئی مس یونیورس منتخب، حسن کا تاج کس کے سر سجا؟
پورٹو ریکو کی جینیفر باریٹو 116 امیدواروں کو پیچھے چھوڑ کر نئی مس یونیورس بن گئیں

سان جوآن(قدرت روزنامہ)دنیا کے معروف مقابلہ حسن ’مس یونیورس‘ کے 75 ویں ایڈیشن میں پورٹو ریکو کی 27 سالہ جینیفر باریٹو نے کامیابی حاصل کرکے تاج اپنے نام کرلیا۔
اس سال مقابلے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی 116 حسیناؤں نے حصہ لیا۔ فائنل پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان جوآن کے جوزے میگوئل ایگرلوٹ کولیزیم میں منعقد ہوا، جہاں کئی ہفتوں پر محیط مختلف مراحل کے بعد جینیفر کو فاتح قرار دیا گیا۔
جینیفر باریٹو نے میکسیکو کی فاطمہ بوش کی جگہ یہ اعزاز حاصل کیا، جو گزشتہ برس مس یونیورس منتخب ہوئی تھیں۔ نئی فاتح کی کامیابی اس اعتبار سے بھی قابل ذکر ہے کہ ان کا تعلیمی پس منظر مقابلہ حسن کی دنیا سے ہٹ کر ہے۔ انہوں نے نفسیات میں بیچلرز کے علاوہ نفسیات اور کلینیکل سوشل ورک میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔
جینیفر امریکی فوج کے فیملی ایڈووکیسی پروگرام سے بھی وابستہ رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے فوجی خاندانوں کی معاونت کے ساتھ گھریلو تشدد اور بچوں سے بدسلوکی کی روک تھام کے لیے کام کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مس یونیورس کی تیاری سے پہلے انہیں ماڈلنگ یا مقابلہ حسن کا کوئی تجربہ حاصل نہیں تھا۔ انہوں نے پہلی مرتبہ فروری 2026 میں ریمپ پر واک کی، جس کے چند ماہ بعد جون میں مس یونیورس پورٹو ریکو کا ٹائٹل جیت لیا۔
مقابلے کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اس مرتبہ ایک نیا تاج بھی متعارف کرایا گیا، جسے ’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن زیورات کے معروف ڈیزائنر جارج وِٹلز نے پیرس کے جیولری ہاؤس میسن ڈی اور کے اشتراک سے تیار کیا۔ تاج میں 18 قیراط سفید سونے کے ساتھ 3 ہزار 150 ہیرے جڑے ہیں۔
میکسیکو کی سابق فاتح فاطمہ بوش نے جینیفر باریٹو کو یہ نیا تاج پہنایا۔ مقابلے کی میزبانی ٹی وی میزبان ماریو لوپیز اور مس یونیورس 2022 آر بونی گیبریل نے کی۔
اس سال کا مقابلہ محض حسن اور کامیابی کی تقریبات تک محدود نہیں رہا بلکہ اسے کئی تنازعات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ویزا کے حصول میں مشکلات اور فرنچائز سے متعلق اختلافات کے باعث متعدد امیدوار مقابلے سے دستبردار ہوگئے، جب کہ مس یونیورس اسرائیل کے قومی لباس پر بھی شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، جس سے مقابلے کے دوران تشویش کی صورت حال پیدا ہوئی۔
