مریم نواز کے بیان پر سعدیہ جاوید کا جوابی وار، بڑا سوال اٹھا دیا

کراچی (قدرت روزنامہ) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو ہدف بنانا نامناسب ہے، کیا پنجاب میں کرائم زیرو ہو گیا ہے؟

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان سعدیہ جاوید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کہیں بھی ہو قابلِ مذمت ہے، تاہم صرف سندھ میں خواتین پر تشدد کی بات کرنا انتہائی نامناسب رویہ ہے۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاجواز سندھ حکومت کو تنقید کا ہدف بنایا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بتائیں کیا پنجاب میں جرائم کی شرح زیرو ہو گئی ہے؟

ترجمان سندھ حکومت نے پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی کی ماورائے قانون کارروائیاں انسانی حقوق کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔

ترجمان نے مریم نواز کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ اگر کوئی آپ کو تھپڑ مارے تو آپ پلٹ کر تھپڑ ماریں، ان کا یہ طرزِ عمل معاشرے میں تشدد اور عدم برداشت کو فروغ دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر کہیں بھی تشدد اور ہراسانی قابلِ مذمت ہے اور خواتین و بچے ہر حکومت کی “ریڈ لائن” ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی چیزیں چلتی رہتی ہیں جن کی بنیاد پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکتا، اور جب تک ٹھوس ثبوت سامنے نہ آئیں کسی بھی صوبے کا نام لینا درست نہیں ہے۔

انھوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو نے “خون کی ندیاں” بہنے کی کوئی بات نہیں کی بلکہ صرف ایک ممکنہ خطرے اور خدشے کا اظہار کیا تھا، جو ماضی کے حالات کو دیکھتے ہوئے بالکل غلط نہیں ہے۔

اپنے بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے ماضی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا اس شہر میں دو دہائیوں تک لسانی بنیادوں پر قتل و غارت گری نہیں ہوتی رہی؟ ماضی میں کراچی میں پٹھان نے مہاجر، مہاجر نے پنجابی اور سندھی و اردو بولنے والوں کے درمیان جھگڑے اور لسانی بنیادوں پر لڑائیاں ہوتی رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ماضی میں شہر کے اندر رینجرز اور پولیس سے لڑتی رہی ہے، جبکہ کراچی یونیورسٹی اس بات کی گواہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں بندوق کا کلچر جماعت اسلامی نے متعارف کرایا تھا۔

WhatsApp
Get Alert