یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہی نہیں، ملک میں 171 ملین پاؤنڈ آئے: عمران خان کے وکیل کا عدالت میں مؤقف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے دوران مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس ہی نہیں ہے، پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈ نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے۔
بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔
اس دوران مرکزی دلائل کا آغاز کیا گیا، ساتھ ہی ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے بشریٰ بی بی سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور میڈیکل رپورٹس جمع کرانے سے آگاہ کیا۔
سماعت کے آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک روسٹرم پر آئے اور بتایا کہ بشریٰ بی بی سے متعلق عدالت کے آرڈر پر مکمل عمل درآمد ہو چکا ہے، انہیں الگ کمرہ دیا گیا ہے، مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اپریل سے 21 نومبر تک کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی گئی ہیں۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کے لیے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ویڈیو لنک پر دلائل ہو رہے ہیں اور یہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہے جسے عوام دیکھنا چاہتی ہے۔
تاہم چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا کہ وہ اس سماعت پر لائیو اسٹریمنگ کے حوالے سے دلائل نہیں سنیں گے کیونکہ یہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی میں ہے اور ابھی قواعد و ضوابط طے ہونا باقی ہیں۔
جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ ماضی میں ایک جج نے اپنے طور پر لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کی اجازت انہوں نے بطور چیف جسٹس نہیں دی تھی۔
مرکزی اپیلوں پر دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈ نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے اور یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس ہی نہیں ہے، جبکہ میڈیا اس معاملے کی غلط رپورٹنگ کرتا ہے اس لیے میڈیا رپورٹس پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔
سلمان صفدر کے مطابق نیب کا مؤقف ہے کہ واپس آنے والی رقم سرکاری خزانے میں جانی چاہیے تھی، جبکہ یہ رقم بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں آئی بلکہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رہی اور وہاں کی سرمایہ کاری سے دوگنی ہو گئی، اس لیے کسی نقصان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 458 کنال زمین کچھ عرصہ ذوالفقار بخاری کے نام رہی اور 22 جنوری 2022 کو القادر ٹرسٹ کے نام منتقل ہوئی، جبکہ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے لیے بھجوائی جانے والی رقم بھی بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے بینک اکاؤنٹ میں نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ سوہارہ جہلم کی اس جگہ پر 150 سے زائد طلبہ اسکالرشپ پر پڑھ رہے ہیں اور اگر رشوت لینی ہو تو کسی مہنگی اور نمایاں جگہ پر لی جاتی ہے، جبکہ زمین، رقم اور ٹرسٹ سب موجود ہیں تو قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کی مہنگی استغاثہ کارروائی سے ہوا۔
وکیل صفائی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس کیس میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا، انہیں 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ بشریٰ بی بی کو معاونت پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوئی اور انہیں ٹرائل کے دوران کبھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جوڑے کو چار سال سے مختلف مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے اور یہ ایک متنازع جیل ٹرائل تھا، جبکہ مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے اور عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔
دلائل کے دوران چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے وکیل کو چارج شیٹ پڑھنے کی ہدایت کی، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ پہلے ریفرنس پڑھیں گے اور اس کے بعد چارج شیٹ پڑھیں گے۔
مقدمے کی آئندہ سماعت میں اپیلوں پر دلائل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
