ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس فنانسنگ کے ذریعے ملک میں بینک ایبل اور پائیدار منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا، جس سے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت حکومت معیاری اور کم لاگت انفراسٹرکچر سمیت مارکیٹ ریڈی منصوبے تیار کرے گی، جبکہ مالیاتی رسک مینجمنٹ کو بہتر بنانا بھی پروگرام کا اہم حصہ ہے۔

اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے شفاف انکشاف اور مالیاتی رسک کا درست انتظام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ساتھ مضبوط عزم کا مظہر ہے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے امور کو ایک یکجا پلیٹ فارم کے تحت لایا گیا ہے اور چار وزارتوں و اداروں میں مخصوص پی پی پی یونٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔

حکومت نے 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کی پی پی پی پائپ لائن بھی منظور کر لی ہے، جس میں منصوبہ بندی کے دوران شمولیت اور لچک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب متعلقہ اداروں کو تربیت اور ٹولز فراہم کرے گا، جس کے وسائل اور تجربات سے صوبائی حکومتیں بھی فائدہ اٹھا سکیں گی۔ اس پروگرام کے لیے 11 لاکھ ڈالر کی تکنیکی معاونت اور 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا اضافی تعاون بھی حاصل ہے۔

WhatsApp
Get Alert