مس یونیورس 2026 کا تاج کتنا قیمتی ہے، انعام کی رقم بھی آپ کو حیران کردے گی

نیویارک0قدرت روزنامہ)مس یونیورس 2026 کا تاج اپنے دلکش ڈیزائن اور قیمتی ہیروں کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گیا ہے، تاہم اس مقابلے کی فاتح جینیفر باریٹو کو ملنے والے مالی انعامات اور شاہانہ سہولیات بھی کسی سے کم نہیں۔
پورٹو ریکو کی حسینہ نے 116 امیدواروں کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، جس کے بعد انہیں بھاری نقد انعام کے ساتھ ایک سال تک ماہانہ معاوضہ اور دیگر مراعات بھی ملیں گی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مس یونیورس 2026 کے تاج کا نام ’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ ہے، جس کا مطلب ایک لازوال ورثے کی چمک ہے۔
تاج میں 18 قیراط سفید سونے کے ساتھ 3 ہزار 150 چمکتے ہوئے ہیرے استعمال کیے گئے ہیں، جبکہ اس کے درمیان موجود تین مرکزی قیمتی پتھر تنظیم کے ماضی، حال اور مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔
جینیفر باریٹو اس نئے ڈیزائن کا تاج پہننے والی پہلی مس یونیورس ہیں، تاہم یہ تاج مستقل طور پر ان کی ملکیت نہیں ہوگا بلکہ ایک سال بعد اگلی فاتح کے حوالے کردیا جائے گا۔
مس یونیورس جیتنے پر کتنی رقم ملے گی؟
جینیفر باریٹو کو مس یونیورس 2026 کا اعزاز حاصل کرنے پر ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر کی یکمشت انعامی رقم ملے گی۔
اس کے علاوہ انہیں اپنے 12 ماہ کے دور میں ہر ماہ 50 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ اس طرح ایک سال تک انہیں مجموعی طور پر 6 لاکھ امریکی ڈالر ماہانہ معاوضے کی مد میں ملیں گے۔
تاہم یہ مالی اعدادوشمار ہسپانوی خبر رساں ادارے مارکا نے انڈسٹری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیے ہیں، جبکہ مس یونیورس آرگنائزیشن انعامی رقم کی باضابطہ تفصیلات عام نہیں کرتی۔
نیویارک میں لگژری رہائش اور مفت سفر کی سہولت
مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد جینیفر بیریٹو کو ایک سال کے لیے نیویارک میں لگژری اپارٹمنٹ میں رہائش بھی فراہم کی جائے گی، جہاں وہ مس یو ایس اے کے ساتھ قیام کریں گی۔
اس دوران دنیا بھر کے دوروں کے لیے ان کے ہوائی سفر، ہوٹل اور دیگر سفری اخراجات بھی تنظیم برداشت کرے گی۔ انہیں مختلف ممالک میں فلاحی تقریبات، سماجی سرگرمیوں اور اسپانسرز کے پروگراموں میں شرکت کرنا ہوگی۔
فیشن اور صحت کے ماہرین بھی ساتھ ہوں گے
جینیفر کی پیشہ ورانہ اور ذاتی تیاری کے لیے فیشن ڈیزائنرز، اسٹائلسٹس اور میک اپ آرٹسٹس کی ٹیم موجود ہوگی، جو مختلف تقریبات میں ان کے لباس اور انداز کا خیال رکھے گی۔
اس کے علاوہ انہیں صحت کے ماہرین اور غذائی ماہرین کی خدمات بھی حاصل ہوں گی تاکہ ایک سال کی مصروفیات کے دوران وہ اپنی صحت اور جسمانی فٹنس برقرار رکھ سکیں۔
یوں مس یونیورس 2026 کا تاج صرف خوبصورتی اور کامیابی کی علامت نہیں بلکہ اس کے ساتھ جڑی انعامی رقم، ماہانہ معاوضہ، شاہانہ رہائش اور بین الاقوامی دوروں کی سہولیات بھی اس اعزاز کو خاص بناتی ہیں۔
