ذاتی کامیابی کوئی چیز ہوتی ہے، دیکھیں آج میں کہاں کھڑی ہوں، مریم نواز

اب والدین اس بات پر بھروسہ کرتے ہیں کہ مریم نواز ہے جو ہماری بچیوں کی سکیورٹی کو دیکھ رہی ہے، یہ ملک اسی دن نہ رکنے والا ہو جائے گا جب ہم اپنے ہی ملک کو برا بھلا کہنا چھوڑ دیں گے؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا خطاب


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ سال سرکاری ہسپتالوں میں 10 کروڑ لوگوں نے علاج کروایا، میری حکومت کا مشن ہے پنجاب کے ہر شخص کو علاج اس کے اپنے شہر میں ملے تاکہ رحیم یار خان، لیہ یا بھکر میں بیمار ہونے والے کو لاہور لے جانے کا نہ کہا جائے، پاکستان کی مٹی زرخیز ہے اور جو ڈاکٹرز بیرون ملک چلے گئے تھے وہ اب واپس آ رہے ہیں، یہ ملک اسی دن نہ رکنے والا ہو جائے گا جب ہم اپنے ہی ملک کو برا بھلا کہنا چھوڑ دیں گے۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، میں نے میڈیسن چھوڑ کر انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کیا، شادی کم عمری میں ہو جانے کے باعث میری تعلیم ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی، تاہم میں نے ہمت نہیں ہاری، اپنی گریجویشن مکمل کی اور انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کیا کیوں کہ ذاتی کامیابی کوئی چیز ہوتی ہے اور آج دیکھیں کہ میں کہاں کھڑی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کہا جاتا ہے کہ بیٹوں کو پڑھاؤ بیٹیوں کو نہیں اور یہ بات کی جاتی ہے کہ بیٹیوں کی تو شادی ہو جائے گی انہیں ڈاکٹر بنا کر کیا کرو گی لیکن آج جب میری گاڑی جا رہی ہو اور ساتھ کوئی بچی اسکوٹی چلا کر جا رہی ہو تو مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ اب والدین اس بات پر بھروسہ کرتے ہیں کہ مریم نواز ہے جو ان کی بچیوں کی سکیورٹی کو دیکھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 10 کروڑ لوگوں نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کروایا، ہم ہمیشہ اپنے ہیلتھ سسٹم کو بُرا کہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مغرب میں صحت کا نظام بہت اچھا ہے حالانکہ مغرب میں اگر یہی 10 کروڑ کی آبادی ہو تو انہیں سمجھ بھی نہ آئے کہ انہیں کیسے ٹریٹ کریں، میرا اور میری حکومت کا یہ مشن ہے کہ پنجاب کے ہر شخص کو علاج اس کے اپنے شہر میں ملے، اور اگر کوئی رحیم یار خان، لیہ یا بھکر میں بیمار ہو تو اسے یہ نہ کہا جائے کہ اس کو لاہور لے جاؤ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جس طرح گریجویٹس نے عہد کیا کہ ہم کسی مریض کی جان بچانے میں دیر نہیں کریں گے، اسی طرح میں نے بھی حلف لیا ہے کہ میں کسی مریض کی جان بچانے میں دیر نہیں کریں گی اور امیر ہو یا غریب میں کسی میں بھی فرق نہیں کرتی بلکہ میرے لیے وہ شخص زیادہ اہم ہے جس کے پاس وسائل نہیں ہیں، نواز شریف کینسر ہسپتال میں ایک بھی نوکری سفارش پر نہیں دی گئی، نواز شریف کینسر ہسپتال اور جناح کارڈیالوجی ہسپتال کیلئے بیرون ملک سے ڈین آئے جو باہر کے ممالک میں کروڑوں روپے تنخواہ لے رہے تھے۔

WhatsApp
Get Alert