کراچی: بلوچ کالونی کے قریب دو ہفتے قبل بننے والی 6 منزلہ عمارت گر گئی، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

کراچی(قدرت روزنامہ) شہر کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں ایک 6 منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور ملبے سے ایک شخص کی لاش جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں نادر حسین ولد علی نواز، شوکت علی ولد لعل خان اور احمد ولد ظفر اقبال شامل ہیں، جبکہ چوتھے زخمی کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق یہ عمارت مکمل طور پر تیار ہو گئی تھی تاہم اس میں ابھی رہائش اختیار نہیں کی گئی تھی۔ عمارت گرنے کے نتیجے میں اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی ملبے تلے دب گئیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید کتنے افراد دبے ہوئے ہیں اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم ریسکیو 1122 کی ٹیموں کا سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert