مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے معاملات بہت آگے چلے گئے ہیں، شہزاد اقبال کا دعویٰ

اسٹیبلشمنٹ کے قریب اہم ذرائع سے بات ہوئی تو ان کی مولانا فضل الرحمان کے بارے میں رائے ہے کہ یہ دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں اور ان کا سیاسی خاتمہ تو ہونا ہے؛ اینکرپرسن کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکرپرسن شہزاد اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جانے والے ذرائع سے ہونے والی بات چیت کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے معاملہ خاصا آگے بڑھ چکا ہے اور ان کے لیے آسانیاں صرف اسی صورت میں نکل سکتی ہیں اگر وہ مکمل طور پر سرنڈر کر جائیں کیوں کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی ’اینبلر آف ٹیررزم‘ قرار دیا جا رہا ہے اور سیاسی خاتمے کی بات کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کے حوالے سے حالیہ دنوں میں اہم لوگوں سے گفتگو ہوئی ہے، جو ذرائع اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جاتے ہیں، ان ذرائع کی رائے مولانا فضل الرحمان کے بارے میں یہ ہے کہ وہ بھی دہشت گردی کو سہولت فراہم کرنے والے یعنی ’اینبلر آف ٹیررزم‘ ہیں، جو بات پہلے پی ٹی آئی کے حوالے سے کی جاتی تھی کہ وہ دہشت گردوں سے لڑنا نہیں چاہتے، اب ویسی ہی رائے سامنے آ رہی ہے کہ ان کا سیاسی خاتمہ ہونا ہے جس طرح پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کی گئی۔


شہزاد اقبال نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ افراد سے یہ سوال بھی کیا کہ یہ معاملہ کس حد تک آگے جائے گا کیونکہ تاحال مولانا فضل الرحمان پر سڑکوں پر نکل کر توڑ پھوڑ یا جلاؤ گھیراؤ کرنے جیسا کوئی الزام نہیں ہے اور معاملہ ابھی تک بیانات اور باتوں تک محدود ہے، اگر معاملہ باتوں تک ہے تو اسے سلجھایا جا سکتا ہے، تاہم ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا معاملہ بہت آگے جا چکا ہے اور ان کے لیے آسانیاں صرف اسی صورت میں ممکن ہیں کہ وہ کمپلیٹ سبمشن یعنی مکمل طور پر سرنڈر اور جھکنے کا راستہ اختیار کریں۔
اپنی گفتگو کے دوران اینکرپرسن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بھی یہ دعویٰ کرتی تھی کہ لوگ ان کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے، اور اگرچہ شاید اسٹیبلشمنٹ کے پاس اتنی طاقت ہو کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے کارکنوں کو بھی نیوٹرلائز کرسکے، تاہم اس کے باوجود سڑکوں پر یہ ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، آخر تصادم کا یہ راستہ اختیار ہی کیوں کیا جائے؟ لڑائی کو اتنا آگے کیوں لے جایا جائے اور کنفرنٹیشن کے ذریعے ایک کے بعد ایک نیا فرنٹ کھولنے کے بجائے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیوں نہیں کیا جاتا؟۔

WhatsApp
Get Alert