کراچی: زیرِِ تعمیر عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن بدستور جاری

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہونے سے 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ عمارت کے ملبے تلے اب بھی کئی افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔

عمارت گرنے کا یہ واقعہ بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ انتظامیہ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک ملبے سے 3 لاشیں اور 14 زخمی نکالے جا چکے ہیں جب کہ دیگر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر عابد جلال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ عمارت میں جانے کے لیے تین راستے بنائے ہیں، ملبے تلے موجود افراد کی تعداد کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ’ہم نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکام کی ترجیح عمارت میں پھنسے مزدوروں کا سراغ لگانا اور انہیں بحفاظت باہر نکالنا ہے۔

جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے سربراہ ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق واقعے میں اب تک 14 زخمیوں کو لایا گیا ہے جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام سرکاری اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد حکام عمارت کا معائنہ کریں گے تاکہ اس کے منہدم ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون کا نقشہ پاس تھا، ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے
سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فرحان قیصر کا کہنا ہے کہ عمارت جہاں تعمیر تھی وہ رہائشی پلاٹ تھا اور اس گھر کا گراؤنڈ پلس ون کا نقشہ پاس تھا۔

انہوں نے کہا کہ پلاٹ پر گراؤنڈ پلس فائیو عمارت غیر قانونی تعمیر کی گئی اور اس عمارت کا معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

عمارت گرنے کے واقعے پر بلڈرز کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کا کہنا ہے کہ متعلقہ عمارت کا بلڈر آباد کا رکن نہیں ہے۔

ترجمان آباد نے دعویٰ کیا کہ بادشاہ خان اور ذیشان نامی ٹھیکدار نے عمارت غیر قانونی طریقے سے تعمیر کی۔ پلاٹ سی 163 بلاک 4 ایڈمن سوسائٹی کا رہائشی پلاٹ ہے۔

بلڈر نے 4 اگست کو حکمِ امتناع لے لیا تھا، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گراؤنڈ پلس سکس عمارت تعمیر کی جا رہی تھی اور اس کا نقشہ منظور نہیں تھا۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیر قانونی تعمیر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کیا۔ لیکن مکہ بلڈر والے ذیشان نامی شخص عدالت گئے اور 4 اگست کو انہوں نے حکمِ امتناع حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکمِ امتناع میں عدالت نے بلڈنگ کو منہدم کرنے یا اس کے کام میں مداخلت سے روک دیا اور آج یہ ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ جو بھی اس کام میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور کارروائی ایف آئی آر کی حد تک نہیں بلکہ گرفتاری کی صورت میں ہو۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران خستہ حال رہائشی اور زیرِ تعمیر عمارتوں کے منہدم ہونے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

جولائی 2025 میں لیاری میں عمارت گرنے کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا جس میں کم از کم 27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس سے قبل اکتوبر 2023 میں شاہ فیصل کالونی میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے تھے۔

مارچ 2020 میں بھی گل بہار کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 27 افراد جان سے گئے تھے جب کہ اسی سال جون میں لیاری میں ایک اور عمارت منہدم ہوئی تھی جس میں 22 اموات ہوئی تھیں۔

صدر اور وزیرِ اعظم کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت مندہم ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ایک بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ عمارت کے نقشے اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کا جائزہ لیا جائے۔ غفلت یا خلاف ورزی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

صدر مملکت نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی عمارت مندہم ہونے اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ کا نوٹس، رپورٹ طلب
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے لیے تمام وسائیل بروئے کار لائے جائیں جب کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات کیے جائیں۔

مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے عمارت گرنے کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کمشنر
ادھر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ گرنے والی عمارت کی اجازت صرف گراؤنڈ پلس ون کی تھی، قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارت کو 6 منزلہ تک پہنچایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اس عمارت کو مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ چیک کر رہے ہیں کہ یہ نوٹس کب جاری ہوا اس پورے معاملے کی مکمل انکوائری کریں گے۔

کمشنر کراچی کے بقول اس نوٹس کے بعد متعلقہ پارٹیز نے عدالت سے حکمِ امتناع لے لیا جس کی وجہ سے عمارت مسمار کرنے کا کام رک گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات اور غفلت کے جو بھی ذمہ دار ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سید حسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے لیاری میں جو عمارت گری تھی اس پر ایس بی سی اے کے 9 افسران کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔

WhatsApp
Get Alert