’پاکستانی گانوں کو چوری کرنا بھی چھوڑ دیں‘، بھارتی گلوکارہ کی ’سمی میری وار‘ کی نقل پر صارفین کی تنقید

لاہور(قدرت روزنامہ)بھارتی گلوکارہ تلسی کمار نے پاکستان کے معروف لوک گیت ’سمی میری وار‘ کی دھن اور انداز کو اپنے نئے گانے میں نقل کر لیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
پاکستانی لوک گیت ’سمی میری وار‘ کئی دہائیوں سے مختلف گلوکاروں کی آواز میں پیش کیا جاتا رہا ہے، تاہم نئی نسل میں اسے غیر معمولی مقبولیت کوک اسٹوڈیو پاکستان میں قرۃ العین بلوچ اور عمیر جسوال کی آواز میں پیش کیے جانے کے بعد حاصل ہوئی۔
تقریباً ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والی اس پیشکش نے شائقین موسیقی میں بھرپور پذیرائی حاصل کی اور آج بھی یہ گانا موسیقی کے مداحوں کی پسندیدہ فہرست میں شامل ہے۔
اب بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کا نیا گانا بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز (T-Series) کے تحت ریلیز کیا گیا ہے جسے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔ صارفین نے اس گانے کی دھن، الفاظ اور انداز کو پاکستانی گیت ’سمی میری وار‘ سے مشابہ قرار دیتے ہوئے اسے پاکستانی موسیقی کی نقل قرار دیا ہے۔
گانے کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستانی ڈراموں اور شوز کے بائیکاٹ کے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی تنقید کی۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ایک طرف پاکستانی شوز پر پابندی لگانے کی باتیں کی جاتی ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستانی موسیقی سے ملتے جلتے گانے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ دائیں بازو کے حلقوں کو مبینہ طور پر نقل کرنے والوں کے خلاف بھی مہم شروع کرنی چاہیے۔
کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ’کتنا بھی بائیکاٹ کر لو، موسیقی تو پاکستانی ہی کاپی کرنی ہے۔‘صوفیہ نامی صارف نے بھارتیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی گانوں کو چوری کرنا بھی چھوڑ دیں
