مولانا فضل الرحمان کا ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان
رہائشگاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینر کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کردی گئی، جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے، کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کسی قیمت پر قابل قبول نہیں؛ سربراہ جے یو آئی ف کا پیغام

لاہور(قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا کانفرنس پر پابندی، لاہور میں رہائشگاہ کی ناکہ بندی، قیادت کی نظر بندیوں اور ملک بھر میں کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرگودھا میں کانفرنس کا اعلان بدستور برقرار ہے اور وہ ہر صورت سرگودھا کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ لاہور میں ان کی رہائشگاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینر کھڑے کر کے نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے، سرگودھا جانے والے تمام راستے اور موٹروے بند کر دیے گئے ہیں، شہر میں کرفیو کا سماں ہے اور جلسہ گاہ پر فورس نے قبضہ کر رکھا ہے، تاہم وہ بہرحال پُرعزم ہیں اور کوہستان و چترال سے بدین، تربت، مکران اور چمن تک پُرامن جمہوری احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان کا کارکنان و قوم کے نام اہم پیغام https://t.co/NzAnHTpRNh
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 26, 2026
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں کانفرنس کا انعقاد ہر صورت طے ہے اور وہ اس کے لیے روانہ ہوں گے، خواہ حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ بنا دیئے جائیں، لاہور میں رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کرکے نقل و حرکت کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے، سرگودھا کو ملانے والے تمام راستے بند ہیں، موٹروے سیل کر دی گئی ہے، شہر میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا کردی گئی ہے، کانفرنس کے لیے طے شدہ جلسہ گاہ پر سکیورٹی فورس نے قبضہ کر رکھا ہے، اس کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ہر صورت سرگودھا جائیں گے۔
قائدِ جمعیت نے الزام عائد کیا کہ سرگودھا اور خوشاب سمیت مختلف اضلاع میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری ہیں، اور راولپنڈی سے لے کر ڈیرہ غازی خان تک مختلف علاقوں میں کارکنوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ناظمِ عمومی مولانا عبدالغفور حیدری کو نظر بند کر دیا گیا ہے، جماعت کے صوبائی امیر کو بھی خوشاب میں نظر بند کیا گیا، سرگودھا کے امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کرکے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، کارکنوں کی گرفتاریاں اور تشدد کسی بھی صورت اور کسی قیمت پر قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ آخر جمعیت علماء اسلام کو اس کے آئینی و جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے اور ایک پُرامن جلسہ و کانفرنس منعقد کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی؟ جلسے پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور مرکزی و صوبائی قیادت کی نظر بندیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، کارکن ناجائز اور آمرانہ حربوں کے خلاف پُرامن احتجاج کیلئے گھروں سے نکلیں، یہ احتجاج کوہستان اور چترال سے شروع ہو کر بدین، تربت، مکران اور چمن تک پھیلے گا، آمرانہ اقدامات کے خلاف جمہوری احتجاج بھرپور طریقے سے ریکارڈ کرایا جائے گا۔
