ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں جے یو آئی کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے، اہم قومی شاہراہوں کی بندش سے بین الصوبائی آمدورفت بھی متاثر ہے۔ شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
احتجاج کے باعث کراچی کےمختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ سہراب گوٹھ آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق حیدرآباد سے آنے والی گاڑیوں کو پنجاب اڈا سے فاریہ چوک بھیجا جارہا ہے، جب کہ سہراب گوٹھ سے حیدرآباد جانے والی گاڑیاں گلشن اقبال کی طرف بھیج رہے ہیں۔ بلوچ کالونی کے مقام پر شارع فیصل بند ہے اور نوجوان وہاں فٹبال کھیلنے لگے۔
ٹھٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ مٹیاری میں ہالہ کےقریب کھنڈو کے مقام پرکراچی پنجاب آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔لاڑکانہ میں رتوڈیرو بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے بند ہونے سےکراچی، پنجاب اور بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
شکارپور میں انڈس ہائی وےکے قریب جیل چورنگی بند ہے جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔جیکب آباد میں قومی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔نوابشاہ میں قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہے جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔ گھوٹکی ٹول پلازہ پرٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ حیدرآباد میں وادھو واہ بائی پاس بند ہونے سےکراچی سے آنے جانے والی ٹریفک متاثر ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
بلوچستان میں چمن کے قریب این 25 قومی شاہراہ کئی مقامات پر بند ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ اوتھل میں قومی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ قلات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ قلعہ سیف اللہ میں این 50 قومی شاہراہ بند ہے اور ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ مستونگ میں بھی کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔
سرگودھا میں موٹروے انٹرچینج بند ہونے سےگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے پر کوٹ مومن، سلام اور بھیرہ انٹرچینجز کے باہر جاری احتجاج کے باعث ان انٹرچینجز سے آنے اور جانے والے راستے بند ہیں۔ موٹر وے پولیس نے مسافروں اور شہریوں سے گزارش کی ہےکہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت اس صورتحال کو مدنظر رکھیں اور متبادل راستے اختیار کریں۔
خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی احتجاج کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پشاور ٹول پلازہ پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر موٹر وے کو بند کردیا۔چارسدہ میں پشاور اسلام آباد موٹر وے بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ بنوں میں لنک روڈ ہائی وے چوک ٹریفک کےلیے بند ہے۔ مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے آلہ ڈھنڈ ڈھیری انٹرچینج ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ضلع خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک معطل ہے۔
چلاس اور تھور کے مقام پر شاہراہ قراقرم پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
