بلاول بھٹو ڈیڑھ ہفتے سے قوم کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں، ان کی باتوں کو سنجیدہ لینا ہی نہیں چاہیے، ارشاد بھٹی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو پچھلے ڈیڑھ ہفتے سے بلاول بھٹو صاحب اس قوم سے مذاق کر رہے ہیں، اس مذاق کا کسی نے کوئی نوٹس ہی نہیں لیا، یعنی اس ملک کے ہر نظام کا چاہے وہ پارلیمنٹ ہو، جمہوریت ہو، عدلیہ ہو، میڈیا ہو، سوا ستیا ناس کر کہ چار سالوں میں اب بلاول بھٹو صاحب انقلابی ہو گئے ہیں، کیوں انقلابی ہوئے ہیں، صوبوں کا معاملہ آگیا تھا، سندھ میں نئے صوبے بننے تھے، کوئی اور وجہ نہیں تھی، کوئی انکو اور پی ٹی آئی سے محبت نہیں ہے، کوئی انکو اپوزیشن سے محبت نہیں ہے، وہ بس اس وجہ سے مسلط ہیں کہ وہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کے بیٹے ہیں۔
ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ اور پھر وہ باتیں کرکے بھول جاتے ہیں، بدل جاتے ہیں، جیسے آج کئی باتوں سے پیچھے ہٹے، ہماری بد نصیبی ہے کہ جن کی باتوں کا نہ کوئی سر ہے نہ کوئی پیر ہے ان کی باتوں پر تبصرے کرنے پڑتے ہیں، یعنی بلاول بھٹو صاحب کی کس نے سننی ہے اور کس نے ماننی ہے، وہ دن کو جو بولتے ہیں رات کو آصف علی زرداری صاحب اس کے الٹ بول رہے ہوتے ہیں، انکو گورنر راج برا لگ رہا تھا، اس سے اگلے دن زرداری صاحب نے گورنر راج کی مضبوطی کے لیے بل جاری کر دیے، انہوں نے انقلابی باتیں کیں، زرداری صاحب کی ملاقات ہوئی کسی سے اب وہ اپنی باتوں سے پھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن کا اعتماد بحال کریں تو بھائی کر لو آپ، کیوں نہیں کرتے آپ، کون کرے گا اعتماد بحال، یوگنڈا سے لوگ آئیں گے، آپ خود اسمبلی میں ہیں، آپ کر لیں، اور ان کی باتوں کا کوئی سر پیر نہیں ہے، اور ساری زندگی انہوں نے اللہ کے فضل سے یہی کیا ہے، کوئی کچھ نہیں کیا، بس نسل در نسل موروثی سیاست ہم پر مسلط ہیں اور ہم وہ بھگت رہے ہیں۔
ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ کہہ رہے ہیں کہ ملک کے معاشی حالات جتنے اب خراب ہیں اس سے پہلے اتنے کبھی خراب نہیں ہوئے، اور اس میں بہتری بھی نہیں آئے گی، تو بھائی ملک کی جان چھوڑ دیں، خدا کے لیے، بڑا نعرہ مارا تھا آپ نے اسمبلی میں کی ویلکم ان پرانا پاکستان، پڑ گئی ٹھنڈ پرانے پاکستان میں، اور اب مولانا صاحب والا فرنٹ کھل گیا اور یہ لگے ہوئے ہیں، تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب کی بات کو سنجیدہ ہی نہیں لینا چاہیے، مجھے تو اب پت دانے نکل آتے ہیں اگر دو چار باتیں اضافی سن لیں تو، جہاں تک قومی حکومت کی بات ہے وہ تو اب بھی ہے، اب مولانا صاحب کو قبولیت نہیں ہے۔
عمران خان کو وزیراعظم بنانے کی بات پر ارشاد بھٹی نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنانے کی بات ہے تو خواب دیکھنے میں تو کوئی برائی نہیں ہے، یہ ایک بروٹس، رانگ نمبر، ہومیو پیتھک پی ٹی آئی کو قبضہ کرکے بیٹھے ہیں، نہ ان کے ہاتھ میں کچھ ہے، ملاقات یہ کر نہیں سکتے، بشریٰ بی بی کی رہائی کروا نہیں سکتے، اس لیے ان سے تو بات کرنے کا کوئی فائدہ ہی نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert