مولانا فضل الرحمان تھوڑا تحمل سے کام لیں تاکہ معاملات چل سکیں: وفاقی وزیر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو چاہیے کہ وہ تھوڑا تحمل سے کام لیں تاکہ معاملات چل سکیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں عطا اللہ تارڑ نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ سیاست ضرور کریں مگر ملکی سلامتی پر بات کرنا مناسب نہیں، بلاوجہ محاذ آرائی کرنا مناسب نہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دور اندیش سیاستدان ہیں، وہ چیزیں ٹھیک کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں مگر غصے میں دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات محاذ آرائی کو فروغ دیتے ہیں، ان کے بیانات میں شدت نظر آتی ہے تلخی انہوں نے خود بڑھائی ہے، ان کو چاہیے کہ وہ تھوڑا تحمل سے کام لیں تاکہ معاملات چل سکیں۔

بلاول کی پریس کانفرنس پر ردعمل
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی آج کی پریس کانفرنس پر بھی ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں انہیں عوامی رائے سے اتنا نہیں ڈرنا چاہیے، وہ کنفیوژن سے باہر آئیں اور واضح کہیں کہ عوامی رائے نہیں چاہتے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ لگتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس معاملے کو پریس کانفرنس کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، آئینی شق کہتی ہے کہ کسی بھی عوامی ایشو پر ریفرنڈم کروایا جا سکتا ہے، ابھی صرف اتفاق ہوا ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی بنیاد پر نئے ریفرنڈم پر کیسے یہ شک کر سکتے ہیں؟ نئے صوبے یا ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر عوام میں جانے پر اتنا خوف کیوں ہے؟ پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے اور یہ کہتے ہیں کہ الیکٹورل پراسس ٹھیک نہیں، کیا سندھ میں الیکٹورل پراسس ٹھیک ہے باقی ملک میں نہیں؟

WhatsApp
Get Alert