جے یو آئی کارکنوں کا قیادت کی گرفتاریوں کے خلاف کوئٹہ، مستونگ، قلات، پشین اور لسبیلہ سمیت مختلف مقامات پر احتجاج

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے علاقے سونا خان کے مقام پر جمعیت علما اسلام کے رہنما میر عثمان پرکانی کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ مستونگ میں ڈپٹی کمشنر ہاس کے سامنے ضلعی امیر مولانا شبیر عثمانی کی قیادت میں کارکنوں نے شاہراہ بلاک کردی۔اسی طرح ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں قائد جمعیت کی اپیل پر نیشنل ہائی وے کو بند کردیا گیا، جبکہ قلات میں جمعیت علما اسلام کی مرکزی مجلس شوری کے رکن مفتی محمد طیب حیدری کی قیادت میں کارکنوں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردی۔ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے قیادت کی گرفتاریوں کے خلاف صدیق اکبر چوک، لاکھڑا موڑ کے مقام پر مکمل طور پر روڈ بلاک کردیا۔دوسری جانب کراچی میں لکی چڑھائی کے مقام پر جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے حب ریور روڈ بند کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مختلف مقامات پر شاہراہوں کی بندش کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے اپنی قیادت کی گرفتاریوں اور نظر بندی کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
