سردیوں میں ناک بند ہو تو کیا کریں؟

لاہور(قدرت روزنامہ)سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی نزلہ زکام ،کھانسی اور ناک بند ہوجانے کی شکایت عام ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر رات کے وقت بند ناک سانس لینے میں شدید دشواری پیدا کرتی ہے، جس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔

اس پریشانی سے فوری طور پر نجات پانے کے لیے مہنگے اسپرے اور ادویات کے استعمال کے بجائے ایک آسان اور قدرتی طریقہ پر عمل کر کے بند ناک صرف 2 سے 5 منٹ میں کھولی جا سکتی ہے۔

بند ناک کھولنے کا یہ حیرت انگیز طریقہ ماہر امراض ناک کان گلا (ای این ٹی) ڈاکٹر امیت شکلا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

ڈاکٹر شکلا کے مطابق، سردی کے باعث ناک کی اندرونی جھلی میں سوجن ہو جاتی ہے، جس سے ہوا کے راستے بند ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات ناک بہنے کے بجائے مکمل طور پر بند محسوس ہونے لگتی ہے۔

ڈاکٹر کے بتائے گئے طریقے کے مطابق اگر آپ کی دائیں طرف کی ناک بند ہے اور آپ کو سانس لینے میں مشکل پیش آ رہی ہے تو فوراً بائیں جانب کروٹ لے کر لیٹ جائیں۔ ایسا کرنے سے دائیں طرف کا نتھنا اوپر کی جانب آ جائے گا، جس سے کششِ ثقل کے باعث ہوا کا بہاؤ بہتر ہو گا اور ناک کھل جائے گی۔

اسی طرح، اگر بائیں طرف کی ناک بند ہو تو دائیں جانب لیٹ کر بائیں نتھنے کو اوپر کی طرف رکھیں، یوں بند ناک منٹوں میں کھل جائے گی۔

اس طریقے کے پیچھے جسم کی قدرتی کیفیت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ درحقیقت ناک کے دونوں نتھنوں میں ہوا کی آمدورفت ہمیشہ یکساں نہیں رہتی۔ ناک کے اندر موجود بافتوں میں قدرتی طور پر سوجن اور سکڑاؤ کا عمل جاری رہتا ہے، جسے ناک کا قدرتی چکر کہا جاتا ہے۔

کروٹ بدلنے سے اس کیفیت میں تبدیلی آ سکتی ہے اور بعض افراد کو اوپر والے نتھنے سے سانس لینے میں نسبتاً آسانی محسوس ہوتی ہے

دونوں نتھنے بند ہونے کی صورت میں کیا کریں؟

اگر سردی کی شدت زیادہ ہو اور ناک کے دونوں نتھنے بند ہو جائیں تو ایسی صورت میں ڈاکٹر کا مشورہ ہے کہ سوتے وقت سر، گردن اور سینے کو بستر کی سطح سے تقریباً 15 سے 20 ڈگری اوپر اٹھا کر سیدھا لیٹیں۔ اس کے لیے آپ ایک سے زائد تکیوں کا استعمال کر سکتے ہیں، تاکہ سر سینے سے اونچا رہے۔

سر کو قدرے اونچا رکھنے سے ناک میں جمع ہونے والی رطوبت اور بندش کی وجہ سے ہونے والی تکلیف میں کچھ کمی آ سکتی ہے، جس سے لیٹنے اور سونے میں آسانی ہو سکتی ہے۔

احتیاطی تدابیر

ڈاکٹر امیت شکلا نے یہ واضح کیا ہے کہ یہ طریقہ صرف موسمی نزلہ زکام یا سردی لگنے کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہونے والی ناک کے لیے کارآمد ہے۔ اگر آپ کو سینوس کی پرانی بیماری ہے یا کافی عرصے سے ناک مستقل بند رہتی ہے تو یہ چال کام نہیں کرے گی۔

علاوہ ازیں، اس بات کی خصوصی تاکید کی گئی ہے کہ یہ نسخہ نوزائیدہ بچوں یا بہت چھوٹے شیرخوار بچوں پر ہرگز نہ آزمایا جائے۔ شیر خوار بچوں کو سلاتے وقت ہمیشہ ہموار اور سخت سطح پر کمر کے بل لٹانا چاہیے، تکیے یا سر اونچا کرنے والی چیزیں استعمال نہیں کرنی چاہئیں۔

نوٹ: اگر سانس لینے میں شدید دشواری ہو یا علامات مسلسل برقرار رہیں تو گھریلو طریقوں پر انحصار کرنے کے بجائے طبی مشورہ لینا بہتر ہے۔

WhatsApp
Get Alert