کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کا قومی فریم ورک متعارف، 18 سال کی عمر کی حد پر عملدرآمد کا عزم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے قومی فریم ورک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون لازمی نوعیت کا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 18 سال کی عمر کی حد پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے شادیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مضبوط بنایا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے رجسٹریشن کے موجودہ نظام کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کم عمری کی شادی بچیوں کو تعلیم، صحت اور ترقی کے بنیادی مواقع سے محروم کرتی ہے۔
بچیوں کو تعلیم اور معاشی ترقی میں مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ کوئی بھی قوم اپنی نصف آبادی کو ترقی کے عمل سے باہر رکھ کر آگے نہیں بڑھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون شریعت سے متصادم نہیں ہے، اس حوالے سے وفاقی شرعی عدالت سندھ میں کم عمری کی شادیوں کی روک تھام سے متعلق قانون کو برقرار رکھ چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ عوامی آگاہی اور معاشرتی رویوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے، کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کا پیغام ہر گھر تک پہنچانا قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی چیئرمین شپ کے تحت کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون بڑھائے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے افریقی ممالک کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے پنجاب اور بلوچستان حکومتوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
