پی ٹی آئی کے بعد جے یو آئی کا جعلی انقلاب بھی ختم ہوگیا، جواد احمد

تاریخ کا سچ یہ یے کہ عمران اور مولانا جیسے ارب پتی سیاستدان انقلاب نہیں لاتے بلکہ اصل انقلاب تو ان کے خلاف آتے ہیں، سربراہ برابری پارٹی کا بیان


لاہور(قدرت روزنامہ)برابری پارٹی کے سربراہ و گلوکار جواد احمد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) (جے یو آئی) کی سیاسی تحریکوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے نام نہاد انقلاب اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جواد احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کا جعلی انقلاب ختم ہوگیا کیونکہ کوئی بھی ان کے لیے باہر نہیں نکلا، جبکہ اب جے یو آئی کا جعلی انقلاب بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سچ یہ ہے کہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان جیسے ارب پتی سیاستدان انقلاب نہیں لاتے بلکہ اصل انقلاب تو ان کے خلاف آتے ہیں۔ جہاں جے یو آئی (ف) پر مخالفین کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے وہیں جمعیت علمائے اسلام کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دی۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو 11 گھنٹوں سے زائد لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر محصور رکھا گیا، جہاں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روک رکھا تھا۔


مولانا فضل الرحمان سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم لاہور پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔
ڈی آئی جی لاہور نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے مولانا فضل الرحمان نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔ ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم کے بجائے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ملک کو ممکنہ خونریزی اور بدامنی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان 10 گھنٹوں سے زائد ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے اور مظاہرین کی تعداد میں اضافے کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی تھی۔ مولانا فضل الرحمان نے عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر گرفتاری کو ترجیح دی۔

WhatsApp
Get Alert