یکم دسمبر سے سکولوں کے اوقات تبدیل، نیا شیڈول جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے لیے موسم سرما کے نئے اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم دسمبر 2026 سے ہوگا۔
وفاقی نظامت تعلیم (فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے نئے اوقات کار یکم دسمبر 2026 سے 29 جنوری 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، جبکہ جمعہ کے روز تدریسی اوقات صبح 8:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔
ڈبل شفٹ سکولوں کی صبح کی شفٹ میں پیر سے جمعرات کلاسز صبح 8:15 بجے سے دوپہر 1:15 بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ جمعہ کے روز چھٹی 12:15 بجے ہوگی۔
اسی طرح شام کی شفٹ میں پیر سے جمعرات کلاسز دوپہر 1:15 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گی، جبکہ جمعہ کے روز اوقات کار دوپہر 2:30 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاسز اور ڈگری کالجوں کے لیے بھی الگ اوقاتِ کار مقرر کیے گئے ہیں۔
وفاقی نظامت تعلیم نے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ موسم سرما کے لیے جاری کردہ نئے شیڈول پر مقررہ مدت کے دوران سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
