ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ سندھ، مختلف جامعات کے طلبہ و اساتذہ سے خصوصی نشستیں
قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کیلئے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی طلباء سے گفتگو

کراچی(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دورۂ سندھ کے دوران آئی بی اے سمیت مختلف جامعات کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشستیں کیں جن میں شرکا کے سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دیے گئے اور طلبہ نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا، اس دوران انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق دورۂ سندھ کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے سندھ یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی، لیاقت یونیورسٹی اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ بھی خصوصی نشستیں منعقد کیں، ان نشستوں کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کی جانب سے کیے گئے سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دیئے اور قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف شعور اجاگر کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
بتایا گیا ہے کہ خصوصی نشستوں کے شرکا نے قومی یکجہتی، ملکی استحکام اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ خصوصی نشستوں کے ذریعے انہیں سوشل میڈیا پروپیگنڈا، قومی شعور اور ملکی دفاع میں پاک فوج کے کردار کو سمجھنے کا موقع ملا، جبکہ نوجوان نسل دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس حوالے سے پُرعزم ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) میں طلبہ و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
