کراچی: سخی حسن اسٹریٹ کی 15 کروڑ روپے کی لاگت سے بحالی مکمل، مرتضیٰ وہاب نے افتتاح کردیا

کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سخی حسن اسٹریٹ پر 15 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے گئے ہیں، جن میں سڑک، نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری شامل ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق سخی حسن اسٹریٹ کی 2 ہزار 900 فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ اسی طویل راستے پر نکاسی آب کا نظام بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ضلع وسطی کے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے بڑے بڑے وعدے اور اعلانات کیے، لیکن بدقسمتی سے منافقانہ طرزِ عمل اختیار کرنے والوں نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل 2 حصوں پر مشتمل ہے، مبینہ کرپشن میں ملوث افسران کو معطل کردیا گیا ہے اور ان کے خلاف انکوائری ہوگی۔ جرم ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات روکنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، صرف افسران کے خلاف کارروائی کافی نہیں بلکہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بھی روکنا ہوگا۔
