ایم کیو ایم پاکستان کا کل کراچی میں ریلی منسوخ کرنے کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں کل کی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیے تھا کہ 29 نومبر کو سیکیورٹی خدشات پر کسی کو ریلی نکالنے کی اجازت نہ دیتی، اگر سیکیورٹی خدشات تھے تو ہم سے بات کرتے، ہم خود ہی اپنی ریلی ملتوی کر دیتے۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں کو اجازت دینا سندھو دیش کی راہ ہموار کرنا ہے، کمشنر کراچی نے حکومتِ سندھ کے حکم کو جاری کیا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو 29 نومبر کی ریلی نہ نکالنے کا پابند کیا گیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ یہ حکومتِ سندھ کا انتہائی غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کی ریلی کو ہم نے منسوخ کر دیا ہے، دسمبر کے مہینے میں ہم دوبارہ ریلی کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم کو شارعِ فیصل پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
کمشنر آفس کے مطابق مزارِ قائد سمیت شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کی پولیس حکام نے سفارش کی ہے جس کی روشنی میں ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔
