نسیم شاہ انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی سے باہر


دبئی(قدرت روزنامہ)پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے۔
ڈیزرٹ وائپرز نے اپنے اعلامیے میں تصدیق کی ہے کہ نسیم شاہ بائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور وہ ٹورنامنٹ کے دوران انجری سے مکمل صحت یاب نہیں ہو سکیں گے اس لیے انہیں طبی معائنے کے بعد ٹورنامنٹ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نسیم شاہ کو شارجہ واریئرز کے خلاف میچ کے دوران اس وقت انجری کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے پال والٹر کو شاندار یارکر پر بولڈ کیا، تاہم اس کے فوراً بعد وہ گر گئے اور گھٹنے میں تکلیف محسوس کرنے لگے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی نے نسیم شاہ کی عدم دستیابی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ان کی خدمات سے محروم ہونے پر شدید افسوس ہے، نسیم شاہ نہ صرف بہترین فاسٹ بولر نہیں بلکہ وہ میدان کے اندر اور باہر بھی قائدانہ کردار ادا کرتے ہیں۔
ٹام موڈی نے مزید کہا کہ نسیم شاہ کی عدم موجودگی دیگر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع ہوگی، جبکہ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کے متبادل کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert