بھارت: جھارکھنڈ میں ٹریفک حادثہ، بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد ہلاک

جھارکھنڈ(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں رانچی پٹنہ ہائی وے پر مسافر گاڑی اسکارپیو خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور 4 خواتین سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح تقریباً 2 بجے ضلع رام گڑھ میں نیشنل ہائی وے 33 پر پیش آیا، اسکارپیو میں سوار تمام 14 افراد کا تعلق ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جنگھارو سے تھا، جو مذہبی عبادت کے لیے جھارکھنڈ کے علاقے راجرپا جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تباہ شدہ گاڑی سے مسافروں کو نکالنے میں مدد فراہم کی, زخمی شخص کو علاج کے لیے صدر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق 13 افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ ایک زخمی شخص زیر علاج ہے، حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
حادثے پر بھارتی صدر دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی تھی۔
