پیپلزپارٹی کا مسلم لیگ ن سے نئے صوبوں پر واضح پالیسی دینے کا مطالبہ

کراچی (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن سے نئے صوبوں کے حوالے سے واضح پالیسی مانگ لی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبے بنانے کا فیصلہ سیاسی تقاریر، سڑکوں پر احتجاج یا ٹی وی ٹاک شوز میں نہیں کیا جاسکتا، اس کے لیے پارلیمنٹ کا فورم موجود ہے اور حتمی فیصلہ وہیں ہونا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی اب تک 10 مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہے۔ اگر منتخب ایوانوں میں منظور ہونے والی قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں تو پھر اسمبلیوں میں بیٹھنے کا جواز ہی کیا رہ جاتا ہے؟

انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں کی تشکیل یا تقسیم جیسے اہم معاملات کو پارلیمانی فورم پر زیر بحث لانا ضروری ہے اور ان پر فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی میں ہونا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مسلم لیگ (ن) سے مطالبہ کیا کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا واضح اور دوٹوک مؤقف سامنے لائے۔

WhatsApp
Get Alert