آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزاد سرزمین فلسطین کے لیے جدوجہد کرنے والے فلسطینی عوام کی ہمت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری فلسطینی بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔ فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کا قتل عام انسانیت کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔

مریم نواز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو آزادی، خودمختاری اور حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ فلسطینی عوام کی جرات، بہادری اور عزم کو سراہتے ہیں اور ان کے لیے حق کی بات کرنے والوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی۔ حکومت اور پاکستانی عوام پختہ عزم اور یکجہتی کے ساتھ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی قوم کے دل فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert