جماعت اسلامی کی بلوچستان حکومت میں شمولیت، مولانا ہدایت الرحمان آج صوبائی وزیر کا حلف اٹھائیں گے

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، جماعت اسلامی نے بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان آج صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کی صوبائی کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے تقریبِ حلف برداری آج شام ساڑھے چار بجے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوگی،جہاں گورنر بلوچستان ان سے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف لیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کو صوبائی کابینہ میں محکمہ فشریز کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان اور حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

جماعت اسلامی کی بلوچستان حکومت میں شمولیت کو صوبے کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان کی صوبائی کابینہ میں شمولیت سے نہ صرف جماعت اسلامی کو حکومتی سطح پر نمائندگی حاصل ہوگی بلکہ حق دو تحریک کے پلیٹ فارم سے اٹھائے جانے والے عوامی مسائل بھی حکومتی ایوانوں میں زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ مولانا ہدایت الرحمان جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر ہونے کے ساتھ ساتھ حق دو تحریک کے سربراہ بھی ہیں اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں خصوصاً ماہی گیروں کے مسائل کے حوالے سے ایک نمایاں سیاسی آواز سمجھے جاتے ہیں۔

تقریبِ حلف برداری آج شام ساڑھے چار بجے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوگی، جس کے بعد بلوچستان کی سیاسی و حکومتی صورتحال میں جماعت اسلامی کے باضابطہ کردار کا آغاز ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert