صوبوں کیلیے ریفرنڈم : لاہور میں کیا سیاسی کھچڑی پک رہی ہے؟ اندر کی کہانی

لاہور (قدرت روزنامہ) صوبوں کیلیے ریفرنڈم اور دیگر معملات کے پیش نظر پنجاب میں نئی سیاسی صف بندی کی تیاریاں جاری ہیں، صدر آصف زرداری، محسن نقوی اور چوہدری شجاعت کی ہونے والی حالیہ ملاقاتیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
صوبے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور بااثر سیاسی شخصیات کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ پنجاب میں ان سرگرمیوں کا آغاز ہونے کے باعث لاہور اس وقت سیاسی ملاقاتوں کا اہم مرکز بنا ہوا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف انویسٹی گیشن سیل نعیم اشرف بٹ نے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں ہونے والی حالیہ ملاقاتیں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں۔
نعیم اشرف بٹ نے کہا کہ مستقبل کے لیے سیاسی گروپ بندی ہورہی ہے جس میں الیکٹیبلز کو بھی جوڑا جارہا ہے اور اس کا آغاز صوبہ پنجاب سے ہوچکا ہے۔
ابھی کچھ ملاقاتیں ہیں جو نظر نہیں آرہیں وہ آنے والوں دنوں میں واضح ہوں گی، اسی گروپ بندی کے توڑ کے لیے حکومتی اتحادیوں کی ملاقاتوں میں تیزی آئی ہے یہ گروپ بندی صوبوں کے حق میں جبکہ حکومتی اتحاد اس کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد آنے والے سیاسی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے موجودہ ن لیگ ق لیگ اور پی پی کے سیاسی اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس سلسلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جبکہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔
دوسری جانب سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔
نعیم اشرف بٹ کا کہنا تھا کہ پس پردہ بعض سیاسی گروپوں کو متحد کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں، جن میں الیکٹیبلز کی شمولیت متوقع ہے۔
اطلاعات ہیں کہ ان گروپوں کی تشکیل کا کام شروع ہوچکا ہے اور ممکن ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے بعض سیاسی رہنما بھی ان کا حصہ بن جائیں۔
پنجاب میں اس حوالے سے ابتدائی سرگرمیاں اور اہم ملاقاتیں سامنے آچکی ہیں، جبکہ کئی رابطے ایسے بھی ہیں جو تاحال منظرعام پر نہیں آئے۔
ان کے مطابق نئی سیاسی صف بندیوں کے پس منظر میں صوبوں کے معاملات، بلدیاتی نظام اور آئینی ترامیم جیسے اہم سیاسی امور بھی شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبوں اور کراچی سے متعلق بعض معاملات پر مخالفت کو محض اس جماعت کا انفرادی مؤقف نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اسے حکومتی اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا معاملہ بھی حکومتی حلقوں کی جانب سے سامنے آرہا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اس حوالے سے زیادہ بات کررہی ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔
نعیم اشرف کے بقول گزشتہ تین چار ماہ کے دوران یہ معاملہ مزید متنازع ہوگیا ہے، جبکہ اصل توجہ آئینی ترمیم کی جانب ہونی چاہیے تھی، ریفرنڈم پر زور دینے سے معاملے میں مزید تاخیر اور پیچیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
نعیم اشرف کے مطابق دوسری جانب الیکٹیبلز کے نئے گروپوں کی تشکیل موجودہ حکومتی اتحاد کے لیے بھی ایک چیلنج بن رہی ہے، جس کے باعث سیاسی رہنماؤں کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں میں تیزی آئی ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ق) کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سے آصف علی زرداری کی ملاقات اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کے درمیان حالیہ رابطوں کو بھی اسی سیاسی پس منظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے بعض الیکٹیبلز بھی نئے سیاسی گروپوں کا حصہ بن رہے ہیں، جبکہ مزید افراد کی شمولیت کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کو خدشہ ہے کہ بعض ایسے سیاسی رہنما جو بظاہر ان کے اتحادی ہیں، انتخابی سیاست میں مسلم لیگ (ق) یا کسی نئے گروپ کی جانب جاسکتے ہیں۔ اسی لیے انہیں اپنے ساتھ برقرار رکھنے اور مزید سیاسی شخصیات کو اتحاد میں شامل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
نعیم اشرف بٹ نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین کے درمیان حالیہ بیان بازی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی اور محسن نقوی و رانا ثنا اللہ کے درمیان معاملات میں بہتری کو بھی انہی سیاسی رابطوں کے تناظر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ان ملاقاتوں کے نتائج اور نئی سیاسی صف بندیوں کے خدوخال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔
