کراچی کنگز کی لگاتار چوتھی شکست: انضمام الحق کی بابر اعظم پر تنقید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی مسلسل چوتھی شکست پر کپتان بابر اعظم پر تنقید کی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جشنِ کرکٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے بابر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ دنیا کے نمبر ون کھلاڑی ہیں اور 20 اوورز میں وکٹ پر کھڑے ہیں تو آپ کو میچ ختم کرنا چاہیے ورنہ مکمل اوورز کھیلے بغیر آؤٹ ہو جائیں گے۔‘
سابق کپتان انضمام الحق پی ایس ایل 2022 میں ہوم ٹیم کے انتخاب اور بیٹنگ آرڈر سے بھی خوش نہیں تھے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 11ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 9 رنز سے ہرادیا، میچ کے اختتام تک ایک اینڈ بابراعظم نے سنبھالے رکھا اور آخری اوور میں 4 چوکے بھی لگائے تاہم تیسری وکٹ پر کک بین کے ساتھ 74 رنز کی شراکت کے سوا کوئی اور بڑی پارٹنر شپ نہ بن سکی یوں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 164 رنز بناسکی۔
دوسری جانب انضمام الحق نے محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن کو ’غیر قانونی‘ قرار دینے پر آسٹریلوی حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ حسنین 2 سے 3 سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ان کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی نہیں لگتا تھا۔
انضمام الحق نے سوال کیا کہ ’آسٹریلیا جانے کے بعد 90 فیصد کھلاڑیوں پر پابندی کیوں لگ جاتی ہے؟‘سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پی ایس ایل کے آغاز سے قبل حسنین کے باؤلنگ ایکشن کا مسئلہ حل کرنا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو غیر قانونی باؤلنگ ایکشن پائے جانے کے بعد باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے۔