سردی ہو یا گرمی آپ نے تھکنا نہیں ہے: علی زیدی کا کارکنوں کو پیغام

ٹنڈو جام (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر و پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی کا کارکنوں اور پارٹی حامیوں سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ سردی ہو یا گرمی آپ نے تھکنا نہیں ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔
ٹنڈو جام میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے یہ بھی کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے ہر شہری کو صحت کارڈ مل گیا ہے۔

بلاول بھٹو سے علی زیدی نے کیا کہا؟
گزشتہ روز علی زیدی نے ملتان میں میڈیا پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے کسی کا راستہ نہیں روکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ملتان میں کل ہونے والے واقعے کے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ بلاول کے لانگ مارچ کے دوران ملتان میں میڈیا پر حملہ ہوا ہے، کیمرے توڑے گئے ہیں اور ان پر تشدد کیا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے تحریکِ عدم اعتماد پر بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے میں صرف یہ کہوں گا کہ بلی کو خواب میں چھیچھڑے نظر آ رہے ہیں۔