افغان مسئلے پر پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کھیلا گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغان مسئلے پر پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو ہمارے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے طالبان کا سفیر گرفتار کرکے امریکہ کو دیا تھا۔
فواد چودھری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف ڈس الفولیب کے ذریعے پروپیگنڈہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی مخالف 2500 ویب سائٹس بنا رکھی تھیں۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ امریکی اخبار نے پاکستانی صحافی کے تین آرٹیکلز شائع کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حق میں اپنے ہی رپورٹر ز نے کوئی خبر نہیں شائع کی۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا کہ بدقسمتی سے ریاست کے بیانیے کی ترویج کی ذمہ داری دیگر اداروں کو سونپ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ریاستی اداروں کو بری طرح تباہ کیا گیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ بھارتی حاضر سروس ملازم کلبھوشن کو پاکستان کی سرزمین سے گرفتار کیا گیا۔جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور افغانستان مل کر ہمارے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان مخالف سازشیں کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت اوراسرائیل ملوث ہیں،افغان سفیرکی بیٹی کے معاملے پر جوریکارڈ تھے وہ افغان وفد کوحوالے کردیئے،پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام 96 فیصد مکمل ہو چکا ہے،شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پوری قوم سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے۔ چینی سفیر سے ہفتے میں دو بار ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ داسو واقعہ کی تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں، وزیر خارجہ تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حالات متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں، اپوزیشن صورتحال کو سمجھ نہیں رہی، قانون کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہو گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کواسلحہ لائسنس جاری کرنے کی اجازت مل گئی،اسلحہ لائسنس اجرا کے قواعد اور ضوابط بھی ہیں۔اسلام آباد پولیس کی تعداد اور وسائل کو بڑھارہے ہیں اوراسلام آباد میں ریسکیو 1122 بھی لائی جا رہی ہے۔
