ملک میں ڈمی حکومت ہے، سراج الحق

لاہور (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ڈمی حکومت ہے۔تین روزہ مرکزی مجلس شوری سے منصورہ میں اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دنیا نے مریخ کی طرف سفر شروع کیا ہے ، مختلف ممالک خلائی مشن بھیج رہے ہیں جبکہ ہماری حکومت کشکول مشن پر ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ کشکول مشن ختم کر کے خود کفالت کو ہدف بنانا ہو گا، میثاق معیشت بہت ضروری ہے،گرینڈ ڈائیلاگ کی بات جماعت اسلامی گزشتہ ایک ماہ سے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں ایک جگہ نہ بیٹھی تو یہ ملک کے لیے نقصان دہ ہو گا کیونکہ مہنگائی ، بے روزگاری نے 22 کروڑ عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ان نااہل حکمرانوں کے وجہ سے بچے تعلیم سے محروم ہیں اور انہی حکمرانوں کی وجہ سے عوام صاف پانی سے محروم ہیں ان حکمرانوں نے قوم کا حال اور مستقبل تباہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈمی حکومت اور ڈمی اپوزیشن ہے، پاکستان کے فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے کی بجائے امریکہ میں آئی ایم ایف کے دفاتر میں ہورہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کپڑے بیچ کر غریبوں کو ریلیف دوں گا، انہیں کہتا ہوں کپڑے بیچنے کی بجائے کرپشن کا خاتمہ کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ عوام برداشت کررہے ہیں، تمام مسائل کا حل اللہ کے نظام میں موجود ہے اسلامی معاشی نظام آئے گا تو ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فیصلہ واپس لے ، اگر بجٹ سود فری نہ ہوا اور مہنگائی میں کمی نہ کی گئی تو 11جون لاہور سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے۔