مزید مشکل فیصلے بھی کرنے پڑیں تو کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا اور اگر ہمیں مزید مشکل فیصلے کرنا پڑے تو کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق قومی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن پیٹرول کا تعلق آئی ایم ایف سے نہیں اور اگر ہمیں مزید مشکل فیصلے کرنا پڑے تو کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا اور دنیا میں معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے، یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے اور معاشی بحالی کے لیے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کرکے آنے والی حکومت کے لیے جال بچھایا، انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ روک کر اور سبسڈی دی تاہم ہم عوام کوریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں اسی لیے 2 ہزار روپے دے رہے ہیں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم ہوسکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے ٹیکس کی ادائیگی میں امیر طبقہ اس مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دےگا، مشکل فیصلے مزید بھی کرنے پڑے تو کریں گے، بجٹ میں امیر طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا ہے ۔
مفتاح اسماعیل بریفنگ
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کابینہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں، اضافہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ہے، پہلا بجٹ ہے جب امیروں پر ٹیکس اور غریبوں کو ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اگلا دور آج اور کل رات کو ہوگا، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیش رفت ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے آئی ایم ایف سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، جلد معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔کچھ عرصہ کیلیے آئے ہیں لہذا کسی کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں
اجلاس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سیاسی بنیادوں پر تقرر و تبادلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھ عرصے کے لیے آئے ہیں لہذا ہمیں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف، وزارت خارجہ اور ایف اے ٹی ایف سیل کو مبارک باد دی۔
وفاقی کابینہ کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا سے خوردنی تیل منگوانے پر وزیرصنعت اور ٹیم کو مبارک باد دی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خوردنی تیل کی کمی کی وجہ سے بحران پیدا ہوا اور اس حوالے سے انڈونیشیا کے صدر سے بات کی تھی، وزارت صنعت اور وزارت خارجہ کے حکام نے اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ خوردنی تیل کی آمد کے بعد معاملات بہتر ہوجائیں گے۔