تحریک انصاف کا تمام جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیسزکا فیصلہ ایک ساتھ سنانے کا مطالبہ جائز ہے یا نہیں؟الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری نے بتا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کا تمام جماعتوں کا فیصلہ ساتھ سنانے کا مطالبہ جائز نہیں۔ الیکشن کمیشن کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہوتے ہیں، سیاسی رہنما اور الیکشن کمشنر ملتے رہتے ہیں،سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا بیان۔

تفصیلات کے مطابق سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا الیکشن کمیشن کے حوالے سے مؤقف درست نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہوتے ہیں، سیاسی رہنما اور الیکشن کمشنر ملتے رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکمراں اتحاد کا پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری سنانے کا مطالبہ جائز نہیں جبکہ پی ٹی آئی کا تمام جماعتوں کا فیصلہ ساتھ سنانے مطالبہ بھی جائز نہیں۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائرکرنےکا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن کے خلاف صوبائی حکومتوں میں بھی کارروائی کی جائےگی، دو صوبائی اسمبلیاں (خیبر پختونخوا اور پنجاب) الیکشن کمیشن کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد لائیں گی۔