دانیہ نے عامر سے شادی کے بجائے ڈیل کی تھی: بشریٰ اقبال

کراچی (قدرت روزنامہ)معروف میزبان و ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانیہ نے عامر لیاقت کے ساتھ شادی نہیں بلکہ پیسوں کی خاطر ڈیل کی تھی۔گزشتہ دنوں بشریٰ اقبال نے سابق شوہر کی تیسری بیوی دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی جس کے بعد اُنہوں نے اپنی بیٹی دُعا عامر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیدہ بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے اپنے گھر بسانے کے لیے تیسری شادی کی تھی لیکن افسوس اُنہیں یہ حقیقت معلوم نہ تھی کہ یہ شادی نہیں بلکہ ایک ڈیل ہے۔
سیدہ بشریٰ اقبال نے کہا کہ دانیہ ملک سے شادی ہوتے ہی تین سے چار ماہ کے اندر عامر لیاقت کا بینک اکاؤنٹ خالی ہوگیا تھا اور یہ نوبت آگئی تھی کہ عامر نے لوگوں سے اُدھار پیسے لیے۔اُنہوں نے کہا کہ عامر لیاقت نے شروعات میں دانیہ ملک کے ساتھ صلح کی کوشش کی تھی لیکن بعد میں اُنہوں نے اپنی حیات میں خلع کے کاغذات پر راضی نامہ لکھوادیا تھا۔
بشریٰ اقبال نے کہا کہ جب عامر لیاقت کا انتقال ہوا تو ان کے وکیل دانیہ ملک کے پاس خلع کا راضی نامہ لے کر پہنچے مگر انہوں نے اس سے قبل ہی عدالت میں تنسیخ نکاح کی درخواست واپس لے لی تھی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ قانونی طور پر نہیں لیکن شرعی طور پر ان کی خلع ہوگئی ہے۔بشریٰ اقبال نے مزید کہا کہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ دانیہ ملک ہیں، ویڈیوز لیک ہونے کے بعد عامر لیاقت ٹوٹ چکے تھے اور یہی اُن کی موت کی وجہ بنی۔