اکشے کمار کا قابلِ اعتراض فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کبھی بھی ایسی فلم میں کام نہیں کریں گے جسے دیکھنے سے پہلے مداح ہچکچاہٹ کا شکار ہوں۔اکشے کمار نے اپنی نئی فلم ’رکشا بندھن‘ کو بھارتی سینسر بورڈ کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں وہ کسی بھی فلم کا انتخاب کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فلم قابلِ اعتراض نہ ہو۔
اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ میں مختلف قسم کے مواد پر اپنا ہاتھ آزمانا چاہتا ہوں لیکن ساتھ ہی میں ایک چیز کو یقینی بناتا ہوں کہ میں جو بھی فلم کروں، وہ ایک فیملی انٹرٹینمنٹ ہو۔اکشے کمار نے کہا کہ میں کوئی بھی قابلِ اعتراض فلم نہیں بنانا چاہتا، چاہے وہ سائیکو تھرلر فلم ہو یا سوشل ڈرامہ، فلم ایسی ہونی چاہیے جو فیملیز کے ساتھ بیٹھ کر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے دیکھی جا سکے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں فلم کی کہانی اور تجارتی پہلوؤں کو ذہن میں رکھتے ہوئے فلمیں بنانے پر یقین رکھتا ہوں۔خیال رہے کہ کیپ آف گڈ فلمز کے تعاون سے کلر یلو پروڈکشنز، زی اسٹوڈیوز اور الکا ہیرانندنی کی پروڈیوس کی ہوئی فلم ’رکشا بندھن‘ کو ہمانشو شرما اور کنیکا ڈھلون نے لکھا ہے جبکہ اس فلم میں اداکار اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ بھومی پیڈنیکر مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔