وفاقی حکومت کا منی بجٹ میں پُرتعیش سامان پر نئی پالیسی لانے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے منی بجٹ میں پُرتعیش سامان پر نئی پالیسی لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، بڑی گاڑیوں کی درآمد پر 500 فیصد اور مہنگے موبائل فونز پر100فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔ 92 نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے منی بجٹ کے حوالے سے2دن میں آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، آرڈیننس کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی سے لی جائے گی، ای سی سی کا اجلاس آج کسی بھی وقت بلائے جانے کا امکان ہے۔
آرڈیننس میں آئی ایم ایف کی شرائط پوری کی جائیں گی، بجلی کی قیمتوں ، پیٹرولیم کے نرخوں اور ایف بی آر ٹیکسز کا طریقہ کار کو بدلا جائے گا۔بجلی کی قیمتوں ، پیٹرولیم کے نرخوں اور ایف بی آر ٹیکسز پر نظرثانی ہوگی، بجلی کے بلوں پر ٹیکس اور سبسڈی پر ٹیکس کے طریقہ کار کو بدلا جائے گا۔
آرڈیننس میں چھوٹے دکانداروں سے ٹیکس لینے کا طریقہ کار بھی بدلا جائے گا، پرتعیش سامان پر نئی پالیسی لائی جائے گی، بڑی گاڑیوں کی درآمد پر 500 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی جائے گی، بجلی کے بلوں میں ٹیکس کے طریقہ کار کو بدلا جائے گا، ابھی تک دی جانے والی بجلی پر سبسڈی کی مقدار میں ردوبدل کیا جائے گا۔
مہنگے موبائل فونز پر بھی 100فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگی، سگریٹ پر فی ہزار سٹکس کا ٹیکس 1000 سے 2050 روپے کردیا جائے گا۔ سپیئر پارٹس پر موجودہ ڈیوٹی برقرار رکھی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ تمام چیزوں کی درآمد پر پابندی ہٹا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف بھی چاہتا ہے ہم امپورٹ پر جلدی پابندی ہٹا لیں،وزیر اعظم نہیں چاہتے کہ لگژری آئٹمز کی درآمدات پر پابندی ختم کی جائے۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 26 ارب روپے مزید ٹیکس لگا رہے ہیں،جبکہ سگریٹ پر بھی ٹیکس لگائیں گے،بہت ساری اشیا پر ٹیکس موخر کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے امپورٹ سے پابندی ہٹانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ پر پابندی ہٹانے کے بعد کسٹم ڈیوٹیز کاسامنا کرنا ہوگا،لگژری آئٹمز پر زیادہ ڈیوٹی لگا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف سے 29 اگست کو بورڈ میٹنگ ہو گی،جبکہ آئی ایم ایف کی جتنی کنڈیشنز تھیں ہم نے پوری کردی ہیں،مشکل وقت میں چین نے ہماری مدد کی۔ ہماری پالیساں کار آمد ثابت ہو رہی ہیں،بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹیز لگائیں گے، لیکن پہلے آٹے،چینی،دال کو ترجیح دیں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امپورٹ بھی ہمارے کنٹرول میں ہے،ہم نے امپورٹ پر پابندی عائد کی تھی۔
ہم گندم، کاٹن، دیگر اناج امپورٹ کرتے ہیں،وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے کہ پوری قوم کے لیے اناج مہیا کریں۔ بجلی پر سبسڈی دیں گے اور اسکی ہم فنڈنگ کر رہے ہیں۔ ہم 42 ارب کا ہدف پورا نہیں کرسکے،ری وائز ہدف 27 ارب روپے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریٹیل ٹیکس ہٹا دیا جائے گا،انکم ٹیکس رہے گا،یکم اکتوبر سے سیلز اور انکم ٹیکس یونٹس بڑھنے پر بڑھتا رہے گا۔ 15بلین گیپ کو پورا کرنے کے لیے 15 ارب سے زیادہ کا ٹیکس لگایا ہے۔ اگست میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا اور اگست میں ہی تجارتی خسارے میں کمی ہوئی۔
