انگلینڈ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا دھچکا تشویش ناک انجری کی وجہ سے فخر زمان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت مشکوک ہو گئی

لاہور (قدرت روزنامہ) انگلینڈ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا دھچکا، تشویش ناک انجری کی وجہ سے فخر زمان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان اگلے دو روز میں کیا جائے گا جب کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے بھی سکواڈ کی لسٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔ مہمان ٹیم 15 ستمبر کو پہنچے گی جبکہ قومی سکواڈ 16 ستمبر کو کراچی میں اکٹھا ہوگا۔ سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان دو روز کے اندر متوقع ہے جب کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ بھی 15 ستمبر ہے جس میں توسیع کیلئے تاحال آئی سی سی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔
ایشیا کپ میں بیٹرز کی خراب پرفارمنس نے سلیکشن کمیٹی کو انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈکپ کیلئے ایک ہی سکواڈ کے اعلان کیلئے پریشان کر دیا ہے اور پی سی بی تھنک ٹینک مختلف کمبی نیشنز کیلئے سر جوڑ کر بیٹھا ہے۔ بیٹنگ لائن اپ کے کمبی نیشن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سکواڈ میں دو وکٹ کیپرز کی شمولیت بھی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا اب تک ری ہیب جاری ہے اور انہوں نے بولنگ کا آغاز کرنا ہے۔
یہ تمام معاملات تھنک ٹینک کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ سکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ میں توسیع کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرنے اور پھر اجازت ملنے کی صورت میں ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہوگا ورنہ 15 ستمبر کو ریزرو کھلاڑیوں کے ہمراہ ایک ہی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں برس 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert