خوشدل شاہ ڈریسنگ روم میں کس وجہ سے روئے؟

لاہور (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے 26 سالہ مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ مبینہ طور پر ٹی 20 سیریز کے آخری میںچ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں جاکر روئے تھے۔کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق، خوشدل شاہ جب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساتویں اور آخری ٹی 20 میچ کے دوران ہجوم کی جانب سے ’پرچی پرچی‘ کے نعرے سننے کے بعد جب پویلین میں واپس لوٹے تو ڈریسنگ روم میں رو پڑے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کے اس آخری میچ کے بعد کرکٹر امام الحق نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر کسی بھی کرکٹر کا نام لیے بغیر خوشدل شاہ کی حمایت میں ٹوئٹ کیا۔اُنہوں نے اپنے اس ٹوئٹ میں پاکستانی شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی کہ کسی بھی کھلاڑی کے بارے میں اس طرح کے نعرے لگانے سے گریز کریں جس سے اس کی صحت متاثر ہو۔


اُنہوں نے مزید لکھا کہ کھلاڑیوں کو میچ کے نتائج سے قطع نظر اسی طرح سپورٹ کریں جس طرح آپ لوگ ماضی میں ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں۔ امام الحق نے لکھا کہ ہم آپ سب کے اور پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی گراؤنڈ میں ہجوم کی جانب سے لگائے گئے ایسے نعروں کی مذمت کر رہے ہیں۔


واضح رہے کہ خوشدل شاہ نے 5 میچز میں 21 کی اوسط سے 63 رنز بنائے، اور آخری میچ میں انہوں نے 27 رنز بنائے۔