دوپہر کو کھانے کے بعد سستی اور غنودگی کیوں طاری ہونے لگتی ہے؟ وجہ جانیے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آج ہم آپکو بتائیں گے کہ دوپہر کو کھانے کے بعد سستی اور غنودگی کیوں طاری ہونے لگتی ہے۔ماہرین کے مطابق جب ہم کھانا کھاتے ہیں تو معدے اور جسم میں متعدد افعال متحرک ہوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھانے کے بعد طاری ہونے والی غنودگی میں بلڈ شوگر کی سطح میں آنے والی تبدیلی بھی کردار ادا کرتی ہے جبکہ میٹھی اشیا کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں اچانک اضافہ ہوتا ہے اور پھر فوری طور پر کمی بھی آتی ہے جس کے نتیجے میں جسم کو تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ یہی واحد وجہ نہیں بلکہ اس حوالے سے ہمارے ہارمونز بھی ایک کردار ادا کرتے ہیں، کھانے کے بعد اکثر سیروٹونین نامی ہارمون بننے کا عمل تیز ہوجاتا ہے جس سے غنودگی کا احساس بڑھ جاتا ہے۔یہ ہارمون مزاج اور نیند کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے اور جب اس کی سطح میں کھانے کے بعد اضافہ ہوتا ہے تو سستی اور غنودگی محسوس ہونے لگتی ہے۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد خون کی گردش میں آنے والی تبدیلیاں اس غنودگی کی وجہ ہوتی ہیں، کھانے کے بعد چھوٹی آنت کی جانب خون کے بہاؤ میں ڈرامائی اضافہ ہوجاتا ہے اور دماغ کی جانب خون کی روانی کم ہونے پر غنودگی کا احساس طاری ہوتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق زیادہ مقدار میں کھانے سے بھی اس احساس کا سامنا ہوتا ہے خاص طور پر اگر کھانے میں نمک یا پروٹین کی مقدار زیادہ ہو جبکہ محققین کے خیال میں یہ غنودگی کھانے کو ہضم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔واضح رہے کہ کوئی جواب تو موجود نہیں کہ کھانے کے بعد غنودگی کیوں طاری ہونے لگتی ہے مگر ماہرین کے مطابق اگر ایسا ہوتا ہے تو ایسی غذا (فائبر سے بھرپور غذا) کا استعمال کریں جو بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتی ہو۔