گاڑی تباہ کر کے معافی نامہ اور 100 ڈالر، اتنا کافی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دن بھر ورلڈ ڈزنی میں موج مستی کے بعد ایک سوشل میڈیا صارف کو اس وقت دھچکا لگا جب وہ کار پارکنگ میں پہنچا۔امریکی بحث و مباحثے کے پلیٹ فارم ریڈ اٹ پر ایک صارف نے اپنی تباہ حال گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آپ کو کیسا لگے گا اگر آپ دن بھر سیر و تفریح کے بعد تمام تر پریشانیاں بُھلا کر پُرسکون محسوس کریں اور جب گھر واپس جانے کے لیے کار پارکنگ کا رخ کرتے ہی تمام تر سکون غرق ہوجائے؟
انہوں نے لکھا کہ ان کے ساتھ ایسا ہی ہوا جب وہ ورلڈ ڈزنی سے لوٹ رہے تھے، کار پارکنگ میں ان کی تباہ حال گاڑی پر ایک معافی نامہ 100 ڈالر کے ساتھ رکھا ہوا ملا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کیا اتنا کافی ہے، اس نے اپنا رابطہ نمبر کیوں نہیں چھوڑا؟ گاڑی کو نقصان پہنچانے والا کیا واقعی شرمندہ تھا؟
ریڈ اٹ پر یہ پوسٹ پانچ دن قبل شیئر کی گئی تھی جس نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی، بیشتر انٹرنیٹ صارفین نے گاڑی کے مالک سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سیکیورٹی کیمرہ چیک کرنے اور مقدمہ درج کروانے کا مشورہ دیا اور اس عمل کی سخت مذمت کی۔