مائیکل جیکسن اور شہزادی ڈیانا کے درمیان ’ہم آہنگی‘ کا انکشاف


لندن(قدرت روزنامہ)پرنس جیکسن نے مائیکل جیکسن اور شہزادی ڈیانا کے درمیان ’ہم آہنگی‘ کا انکشاف گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے دوران کیا۔غیر ملکی میڈیا ادارے ڈیلی میل کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں کنگ آف پاپ کے 25 سالہ بیٹے کو دیکھا جاسکتا ہے جو کیفے کے باہر اپنی ہیوی بائیک پر موجود ہیں۔
آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کے صاحبزادے پرنس جیکسن اپنی 22 ہزار ڈالرز کی ہیوی بائیک پر گھومتے ہوئے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کے دوران انہوں نے براؤن کارگو پینٹ، سیاہ واسکٹ، سفید ٹی شرٹ اور بائیکر بوٹس زیب تن کئے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شہزادی ڈیانا اور مائیکل جیکسن کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب انہیں کسی سماجی تقریب میں دیکھا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مائیکل جیکسن کی مشہور زمانہ البم ’تھرلر‘ کو40 سال مکمل ہونے کے موقع پر ان کے بیٹے پرنس جیکسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل جیکسن اور شہزادی ڈیانا کے تعلقات کے حوالے سے بات کی تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ مائیکل جیکسن اور شہزادی ڈیانا کے درمیان بہت گہری دوستی تھی، شہزادی کی موت کے بعد ان کے والد اکثر شہزادی کو یاد کرکے افسردہ رہتے تھے۔
واضح رہے کہ مائیکل جیکسن اور شہزادی ڈیانا کی پہلی ملاقات 1988 میں لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں اسٹیج کے پیچھے ہوئی تھی۔پرنس جیکسن 1997 میں شہزادی ڈیانا کی موت سے ایک ماہ قبل پیدا ہوئے تھے۔