عمران خان کے پاس پلان اے، بی، سی اور ڈی بھی موجود ہیں‘عثمان ڈار


حکمران بھیک مانگ رہے ہیں اسمبلیاں نہ توڑو ،پی ڈی ایم ملک کو مزید 8 ماہ اور لوٹنا چاہتی ہے
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس پلان اے، بی، سی اور ڈی بھی موجود ہیں۔انہو ں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جب سے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان کیا ہے تب سے پی ڈی ایم والے ذہنی دبائو میں ہیں۔ کپتان کا فیصلہ قوم کے لیے بہترین تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تو چاہتی یہی تھی کہ ملک میں انارکی پھیلے لیکن عمران خان نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ پاکستان سری لنکا بنے اور ملک کے حالات مزید خراب ہوں۔عثمان ڈار نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کے پاس اور پلان اے، بی، سی اور ڈی بھی موجود ہیں جبکہ وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ وفاق کے حکمران عمران خان سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ اسمبلیاں نہ توڑو کیونکہ پی ڈی ایم ملک کو مزید 8 ماہ اور لوٹنا چاہتی ہے۔