سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی تاخیر کا شکار


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی اپنی شادی کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے اپنے تعلقات کو کافی عرصے تک خفیہ رکھا لیکن کرن جوہر کے مشہور شو ’کافی ود کرن‘ کے سیزن 7 میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ دونوں اداکار صرف ایک دوسرے کے اچھے دوست نہیں بلکہ ان کا تعلق دوستی سے زیادہ گہرا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں انڈسٹری کے ایک بھروسہ مند ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتایا گیا تھا کہ سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی رواں سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔ لیکن اب بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شادی اگلے سال ہوگی اور ممکن ہے کہ شادی کی تقریبات ممبئی اور دہلی میں ہوں گی۔
دونوں خاندان شادی کی تیاریاں مکمل کرنے میں مصروف ہیں تاہم شدی کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔رپورٹ کے مطابق، شادی کی تقریبات کے لیے چنڈی گڑھ کا فائیو اسٹار ہوٹل، اوبرائے سکھ ولاس سپاریزورٹ پہلا انتخاب ہے کیونکہ یہ دہلی میں مقیم سدھارتھ کے خاندان کےقریب ہے۔
یاد رہے کہ یہ وہی ریزورٹ ہے جہاں گزشتہ سال اداکار راجکمار راؤ اور اداکارہ پترالیکھا کی شادی ہوئی تھی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شادی کے بعد سدھارتھ اور کیارا کی جانب سے ممبئی میں بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کے لیے شاندار استقبالیےکا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کیارا ایڈوانی اس وقت نیوزی لینڈ میں رام چرن کے ساتھ فلم ’آر سی 15‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ سدھارتھ ملہوترا اپنی ایکشن فلم’یودھا‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی ہے۔