ملتان ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست، سیریز انگلینڈ کے نام
ملتان (قدرت روزنامہ)انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔انگلینڈ کو تین میچز کی سیریز میں دوصفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عبد اللّٰہ شفیق اور محمد نواز نے 45، 45 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 30، ابرار احمد 17 اور فہیم اشرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے 4، جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے میچ میں 11 اور انگلینڈ کے مارک ووڈ نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔
گزشتہ روز کے میچ کا احوال
گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے تھے۔دن کے اختتام پر سعود 54 اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں 66 رنز پر محمد رضوان کو بہت ہی شاندار آؤٹ سوئنگ کروا کر 30 رنز پر بولڈ کیا جبکہ بابر اعظم 67 کے اسکور پر صرف 1 رن بنا کر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
دوسرے اوپنر عبداللّٰہ شفیق کو 83 کے مجموعے پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، انہوں نے 45 رنز کی باری کھیلی۔اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے 108 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
191 کے اسکور پر امام الحق 60 رنز پر لیچ کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔
دونوں اننگز کا اسکور
انگلینڈ پہلی اننگز میں 281 اور دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔پاکستان پہلی اننگز میں 202 اور دوسری اننگز میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہو گا۔